صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سکردو گرلز ہائی سکول قائد آباد میں سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طالب علموں کیلئے ٹرانسپورٹیشن وظیفے کی فراہمی کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا
۔ بچوں اور بچیوں میں رقم کے چیکس تقسیم کئے۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو درپیش سفری مشکلات کو کم کرنے کیلئے انقلابی منصوبہ شروع کیا ہے۔ عملی زندگی میں کامیابی کیلئے درست فیصلہ سازی لازمی ہے، جو تعلیم کے بغیر ممکن نہیں، دنیا کی جدید تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ بچوں کی تعلیم پورے خاندان کیلئے لازمی ہے، پاکستان میں تعلیم پر توجہ نہ دینے اور وسائل فراہم نہ کرنے کے بے پناہ نقصانات ہوئے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ حکومت گلگت بلتستان چند سالوں میں ہر بچے کی تعلیم کو یقینی بنائیں گے۔ سکولوں میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی توجہ دی جائے تاکہ پوری دنیا میں گلگت بلتستان اور پاکستان کامنفرد مقام برقرار رہے۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق گرلز ہائی سکول قائد آباد کو ہایئر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچے اور بچیوں میں درپیش سفری مشکلات کے حل کیلئے ٹرانسپوریشن وظیفے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت دو کلو میٹر دور سے سکول آنے والے بچے اور بچیوں کو یہ وظیفہ دیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی