اسلام آباد (آئی پی ایس) اوگرا انفورسمنٹ(نارتھ)ٹیم نے صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے میں تیل، معیار اور قیمت کی درست پیمائش اور مختلف آٹ لیٹس پر حفاظتی معیارات کو یقینی بنانے کے لیے پیٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔ مختلف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 40 کے قریب پیٹرول پمپس سے پیٹرول اور ڈیزل کے نمونے معیار کی جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔
غیر معیاری پٹرول ، ڈیزل بیچنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق شوکاز نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی کیے جا رہے ہیں ۔تین غیر قانونی آئل ایجنسیوں کے خلاف چیف سیکرٹری پنجاب کو مناسب کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انسپکشن کے اس عمل کو پورے پاکستان تک بڑھایا جائے گا۔
یہ کارروائی عوام کی شکایات پر کی گئی ہے۔اوگرا نے آئوٹ لیٹس پر پیمائش، معیار کی درستگی اور حفاظتی معیار پر سخت قسم کی قانونی کارروائی کرنے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ اوگرا ٹیموں کو صوبے کے دیگر علاقوں کے آئوٹ لیٹس کے معائنہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی درستگی، معیار اور مقررہ نرخوں پر تیل کی فروخت کو یقینی بنایا جا سکے۔