پشاور(آئی پی ایس)صوبائی وزیرکامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے 12لاکھ میٹر ٹن گندم کی خریداری اور980 روپے آٹے کا تھیلا دینے کی منظوری دیدی ہے ۔
خیبرپختونخواہ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کو بتا یا گیا کہ کالام میں 4ہزار369درخت سوکھ گئے ہیں،جنگلات کی بائیو ڈائیورسٹی کیلئے 20کروڑ روپے فنڈ مختص کیاجائے،صوبائی کابینہ نے صوبے بالخصوص پشاور کی ائیر کوالٹی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا،فضائی آلودگی کوکنٹرول کرنے کیلئے دو صوبائی وزراء پر مشتمل دو کمیٹاں تشکیل دی گئی ،صوبائی کابینہ نے شانگلہ میں نئی یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی ہے،
چترال یونیورسٹی کو مالی مشکلات سے نکالنے کیلئے 2سو ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے،صوبائی حکومت نے 12لاکھ میٹر ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دی ہے جو 10لاکھ میٹرک ٹن پاسکو 2لاکھ میٹرک ٹن اوپن مارکیٹ سے خریدی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سبسڈیز نرخوں پر 980روپے آٹے کا فی تھیلا دینے کی منظوری دی ہے،
کابینہ نے آٹے سپلائی کی مد میں 33ارب روپے کی منظوری دی ہے۔پنجاب سے آٹے کی مُسلسل بندش پر کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا،کابینہ نے کورونا میں کام کرنے والے 675ڈاکٹرز کی مستقلی کی منظوری دی ہے۔کامران بنگش نے کہاکہ کابینہ نے قبائلی اضلاع کی 6نشستوں کو ختم کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ محکمہ قانون اور دیگروکلاء کو مکمل تیاریوں کے ساتھ الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے،
انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ میں وزیراعلیٰ کا راستہ روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔محکمہ قانون ،تحریک انصاف کے وکلاء کوتمام قانونی راستوں کو اپناتے ہوئے اس سے متعلق حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے پی کی ایک فورس ہے اور وزیر اعلیٰ نے اسی جانب اشارہ کیا تھا،ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں اس کے بعد نئی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔کامران بنگش نے کہاکہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ان کے پاس حکمت عملی تیار ہے صرف سپریم کورٹ کے فیصلے کی دیر ہے۔