
گلگت (آئی پی ایس) انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان محمد سعید وزیر کی صدارت میں SPU کے اہلکاران کیلئے دربار کا انعقاد ،پولیس ٹریننگ کالج گلگت آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا۔
آئی جی پی گلگت بلتستان نے اس موقع پر SPU کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی یو کے سروس سٹریکچر سمیت دیگت ضمنی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے اور سروس قواعد و ضوابط کی روشنی میں ایس پی یو کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ایس پی یو کے مسائل کو پائیدار انداز میں حل کرنے کے لیے ہر سطح پر انتہائی خلوص توجہ اور لگن سے کام جاری ہے۔ پولیس جوان اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر توجہ دے کر عوام کی خدمت کو اولین شعار بنائیں میں گلگت بلتستان پولیس کے تمام جائز حقوق کے لئے جدو جہد ہر فورم پر جاری رکھوں گا۔ بہترین ڈسپلن اور پیشہ ورانہ خدمات کے بلند معیار کو یقینی بنا کر ہی پولیس اپنا معاشرتی مقام بہتر ادا کرنے کے ساتھ فرائض احسن طریقے سے انجام دے سکتی ہے۔ نظم و ضبط پولیس سروس کا لازمی جز ہے۔ جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت معاف نہیں کی جائے گی۔ ہمیں مکمل غیر جانب دار اور غیر معتصبانہ انداز میں عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان محمد سعید وزیر نے گلگت میں ایس پی یو کے اہلکاروں کے لئے منعقد خصوصی دربار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پولیس کو ایک منظم پیشہ ورانہ پولیس بنانا اولین ترجیح ہے۔ گلگت بلتستان کی جغرافیائی صورتحال کے مناسبت سے پولیس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کی گئی کوششوں کے نتیجے میں 1000 نئی آسامیوں کی تخلیق سے پولیس نفری کی کمی کو دور کرنے میں کافی حد مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی یو کے اہلکاروں کی مستقلی کیلئے تمام ممکنہ آپشنز پر کام ہو رہا ہے۔ موجودہ خالی آسامیوں یا ایس پی یو کے پی سی فور کی منظوری میں سے قانونی اعتبار سے جو آپشن فوری ممکن ہو اس پر عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ ایس پی یو اہلکاروں کی غیر مستقلی کی وجہ سے درپیش پیشہ ورانہ مسائل کو پائیدار انداز میں حل کیا جا سکے۔ اس موقع پر ایس پی یو اہلکاروں نے درپیش مسائل سے متعلق معروضات بھی پیش کئے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان نے ان کی معروضات انتہائی توجہ سے سننے کے بعد جوابات و مناسب احکامات صادر کئے۔ اس دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ایس پی یو اہلکاروں نے ان کے مسائل سننے کے لئے پہلی بار باضابطہ پولیس دربار کے انعقاد پر آئی جی پی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے اس خصوصی دربار میں DIG ہیڈکوارٹرز/پراجیکٹ ڈائریکٹر ایس پی یو افضل محمود بٹ، ڈی آئی جی کرائمز و گلگت ریجن فرمان علی اور اے آئی جی ایس پی یو طفیل احمد میر سمیت ایس پی یو کے دیگر اہلکاروں و آفیسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔





