
سرینگر(آئی پی ایس ) مقبوضہ کشمیر میں جارحیت پسند بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک گھر پر فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اسلام آباد میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ جارحیت پسند بھارتی فوج کی فائرنگ میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت اشفاق احمد غنی اور یاور ایوب ڈار کے نام سے ہوئی ہے۔
قابض بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر شہدا کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔واضح رہے کہ 4 روز قبل بھارتی عدالت نے دہشت گردی کی معاونت کے الزام میں حضریت رہنما یاسین ملک کو 2 بار عمر قید اور 10 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔