
اسلام آباد(آئی پی ایس)سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان نے اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام کے نمائندے نٹ اوٹس بائے اور تکنیکی ایڈوائزر علی بیعتی سے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں ملاقات کی جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جینڈر نگہت بھی شریک ہوئیں۔
ملاقات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی استعداد بڑھانے کے لئے اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام کی معاونت کے حوالے سے تھی۔ اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام کے نمائندے نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کے حوالے سے رپورٹ سیکریٹری الیکشن کمیشن کو پیش کی۔یہ رپورٹ اس سال فروری میں اقوام متحدہ کے خصوصی مشن سے الیکشن کمیشن کی ضروریات کے حوالے سے میٹنگ کے بعد تیار کی گئی۔فروری میں آئے خصوصی مشن کا مقصد جمہوری پراسیس میں الیکشن کمیشن کو شعبہ جاتی ماہرین، سٹاک اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے معاونت فراہم کرنا تھا سیکریٹری نے اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام کے نمائندے کو الیکشن کمیشن کے حالیہ اہم کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن 2019 تا 2023 سٹریٹجک پلان پر مکمل عمل پیرا ہے۔ ہمارا مقصد اس آئینی ادارے کو مضبوط کرنا ، جمہوری پراسیس کو بہتر بنانا، عوام کو ووٹ کے متعلق آگاہی و شعور دینا، محروم طبقات کا جمہوری عمل میں شرکت کو یقینی بنانا، سائنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے نظام کو جدید بنانا اور صاف ، شفاف ، غیر جانبدار الیکشن کا انعقاد ہے۔ اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام نمائندے نے الیکشن کمیشن کے اقدامات کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ۔سیکٹری الیکشن کمیشن کی ذاتی دلچسپی کی بنا پر یہ رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں مختلف شعبوں میں الیکشن کمیشن کی معاونت کو یقینی بنانے کا روڈ میپ ۔اس موقع پر سیکٹری الیکشن کمیشن نے پاکستان میں جمہوری عمل کے تسلسل کے لئے اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام کی معاونت کی آفر کو سراہا۔