آزاد کشمیراسلام آباد

بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد (آئی پی ایس)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ جموںو کشمیر کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی

 

جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔احتجاجی مظاہرین نے آزادی اورپاکستان کے حق میں نعرے لگائے ۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیرکا مقصد اپنی فوج کا مورال بلند کرنا ہے جو جنگ ہارچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذہنی دبائو کے باعث کشمیر میں روزانہ بھارتی فوجی خودکشی کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کا دورہ کشمیر غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے کیونکہ بھارت 1947 سے کشمیر پر قابض ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ کشمیر کا مقصدعالمی برادری کو مقبوضہ جموںو کشمیر کی اصل صورتحال سے گمراہ کرنا ہے۔

 

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینرمحمد فاروق رحمانی نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ مودی کے دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے قبل گزشتہ 48گھنٹے میں بھارتی فوج نے 6 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے خلاف علاقے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker