
اسلام آباد (آئی پی ایس ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات ہوئی جس میں فیک نیوز سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی، پیمرا قانون میں فیک نیوز کے خاتمے کی شق شامل کی جائے گی، فیک نیوز سے قومی سلامتی مفادات، عوام کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا تدارک ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں آزادی اظہار کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے، سیاست، صحافت اور عوام پر چار سال قیامت کے گزرے ہیں، چینل، کالم، پروگرام، زبان اور آنکھ بند کرکے قوم کی آزادی چھیننے کی کوشش کی گئی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے ملک کو معاشی دیوالیہ کرنے کی سازش کی، غیر ملکی سازش میں صحافیوں پر سنگین الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں، پی ایف یوجے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، جھوٹوں کو گھر تک پہنچائیں گے، جو سچ بولتا ہے، چوری پکڑتا ہے، عمران صاحب اسے غدار بنا دیتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیکا آرڈیننس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین، عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی، صحافی برادری کی مشاورت سے چلیں گے، آپ کی آرا کی روشنی میں میڈیا کی آزادی فروغ پائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال میں ملک کی معیشت کی طرح میڈیا کو بھی مالی طور پر تباہ کیا گیا، صحافیوں کی معاشی تباہی کا احساس ہے، چاہتے ہیں جلد نقصانات کا ازالہ کریں، صحافی بے روزگار ہوئے، کئی جان سے گئے، تنخواہیں آدھی ہوگئیں۔





