
اسلام آباد(آئی پی ایس)سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں غلطی ہوئی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس نہیں بھجوانا چاہئے تھا،ان کیخلاف کی جانے والی کارروائی غیرضروری سمجھتا ہوں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صحافیوں سے ہونیوالی ایک ملاقات میں کیا ۔عمران خان نے انکشاف کیا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا نام اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے آیاتھا، چیف الیکشن کمشنر کا تقرر ایک آزاد باڈی کوکرنا چاہیے،چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں غلطی ہوئی،معلوم نہیں تھا کہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار نکلیں گے،چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف ریفرنس نہیں بھجوانا چاہئے تھا،وزیرقانون نے جسٹس قاضی فائزعیسی کے مختلف فلیٹس اوراثاثوں کے بارے میں بریف کیا تھا،جسٹس قاضی فائزعیسی کیخلاف کی جانے والی کارروائی غیرضروری سمجھتا ہوں،وزیر قانون نے بتایا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، میرا تو عدلیہ سے مسئلہ ہی نہیں تھا ،خامخواہ تنازعہ بن گیا، جو ہوا غلط ہوا۔





