علاقائیگلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں مائنس خالد خورشید فارمولے پر سب متفق ہیں، امجد حسین

قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کے چیمبر میں اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی اور گلگت بلتستان میں عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کا پانچ دن کا سیشن ہوا مگر خالد خورشید عمران نیازی کے حق میں ایک قرارداد تک لانے میں ناکام رہے۔ آخری سیشن میں خود شریک ہونے کے باوجود عمران نیازی کے بیانئے پر دو لفظ بھی نہیں بول سکے کیونکہ انہیں عمران نیازی سے زیادہ اپنی کرسی بچانے کی فکر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خالد خورشید مکمل طور پر دباؤ کا شکار ہو چکے ہیں ایک طرف تو ان پر جعلی ڈگری کا دباؤ ہے دوسری طرف منحرف ارکان کا بھی دباؤ ہے۔ گلگت بلتستان میں مائنس خالد خورشید فارمولے پر اپوزیشن اور حکومتی اراکین متفق ہیں اس لئے بہتر ہے کہ وزیر اعلیٰ خود استعفیٰ دیں تاکہ علاقے کے وسیع تر مفاد میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جا سکے۔ جتنی عمران نیازی کو اپنی کرسی عزیز تھی اس سے زیادہ خالد خورشید کو اپنی کرسی عزیز ہے مگر دونوں کا انجام ایک جیسا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنا زیادہ تر وقت اسلام آباد میں گزارا ہے۔ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں گورننس کے معاملے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ تمام اضلاع مسائل کے گرداب میں پھنسے ہوئے ہیں اور عام آدمی بدترین مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خالد خورشید نے بھی عمران نیازی کی طرح صرف اور صرف زبانی دعوے کرتے ہوئے وقت ضائع کرنے کے علاؤہ کچھ نہیں کیا۔ جس طرح وفاق میں سابق نیازی سرکار نے محض ہوائی قلعے تعمیر کئے اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی ہوائی قلعے تعمیر کئے جاتے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker