
پشاور(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف آج پشاور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے ایک ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے ، جلسہ گاہ کے روٹس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں
جب کہ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں گے۔انتظامیہ کے مطابق سادہ کپڑوں میں اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ ٹریفک روانی کیلیے اضافی ٹریفک اہلکار بھی تعینات ہونگے۔جلسے کے لئے 80 فٹ چوڑا 20 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور سانڈ سسٹم اورلائٹنگ سمیت دیگرانتظامات ڈی جے بٹ کے سپرد ہیں جبکہ اسٹیج پر بڑی اسکرین بھی لگائی جائیگی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا حکومت کے خاتمے کے بعد پہلا عوامی جلسہ ہوگا جس کے متعلق انہوں نے 2 روز قبل اعلان کیا تھا ۔اس جلسے کے حوالے سے پارٹی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پشاور جلسہ تاریخ کا ریکارڈ توڑ جلسہ ہوگا۔