کراچی(آئی پی ایس)عدالت نے غیر قانونی تعمیرات کے ایک کیس میں پینٹ ہاس پر تعمیرات فوری روکنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ناظم آباد نمبر دو ٹو ڈی اسٹاپ پر غیر قانونی تعمیرات کے کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے پلاٹ نمبر 5/8 الفارق ہائٹس پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے بلڈر کو پینٹ ہاس پر تعمیرات فوری روکنے کی ہدایت کر دی۔
سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی ایس بی سی اے، ڈائریکٹر لیاقت آباد ٹائون کو نوٹس جاری کر دیے۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو بھی نوٹس جاری کر دیے۔وکیلِ درخواست گزار کی جانب سے درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ الفاروق ہائٹس پر پہلے ہی گرانڈ پلس تھری تعمیرات تھیں۔افتخار احمد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ بلڈر پینٹ ہائوس کو چار فلیٹس میں تبدیل کر رہا ہے۔ ایس بی سی اے نے عمارت سیل کی مگر تعمیرات جاری ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے بلڈر کو چوتھی منزل پر تعمیرات سے روکتے ہوئے ایس بی سی اے کو فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر تعمیرات غیر قانونی ہیں تو فوری کارروائی کی جائے۔عدالت نے ایس بی سی اے حکام سے 45 روز میں عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔