شوگر ملز نے گنے کی کرشنگ کے رواں سیزن کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سیلز ٹیکس کی مد میں 26 ارب 50 کروڑ روپے ادا کئے ہیں۔
اسلام آباد(آئی پی ایس)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گنے کے موجودہ کرشنگ سیزن کے پہلے چار ماہ کے دوران شوگر ملوں سے گزشتہ برس کے مقابلے میں 33 فیصد زائد سیلز ٹیکس وصول کیا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شوگر ملز نے گنے کی کرشنگ کے رواں سیزن کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سیلز ٹیکس کی مد میں 26 ارب 50 کروڑ روپے ادا کئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس گنے کی کرشنگ کے سیزن کے پہلے 4 ماہ میں ایف بی آر کو 19 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد کا سیلز ٹیکس حاصل ہوا تھا۔اس طرح رواں کرشنگ سیزن میں گزشتہ سیزن کے مقابلے میں 6 ارب 59 کروڑ روپے زائد سیلز ٹیکس حاصل ہوا ہے۔
رواں برس شوگر ملوں نے 75 لاکھ ٹن سے زائد چینی بنائی
جو کہ 33 فیصد زائد بنتا ہے۔ایف بی آر نے رواں سیزن میں چینی کی پیداوار کو ریگولرائز کرنے کے لیے 79 شوگر ملوں سمیت 151 پیداواری یونٹس پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ کیا تھا۔
ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت چینی کا ایک تھیلا بھی ٹیکس اسٹامپ کی ادائیگی کے بغیر مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں تھی۔واضح رہے کہ رواں برس شوگر ملوں نے 75 لاکھ ٹن سے زائد چینی بنائی ہے جب کہ گزشتہ کرشنگ سیزن کے دوران 56 لاکھ ٹن سے زائد چینی بنائی گئی تھی۔