
اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے جلد از جلد جلسہ گاہ پہنچنے کی اپیل کردی۔اسلام آباد کی پریڈ گرانڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔تحریک انصاف کا دعوی ہے کہ آج کا جلسہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس میں ملک بھر سے 10 لاکھ لوگ شرکت کریں گے۔
جلسے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ کئی علاقوں سے لوگ صبح سویرے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔جلسے میں عوام کی ممکنہ آمد کے پیش نظر انتظامات بھی بڑے پیمانے پر کئے گئے ہیں۔ جگہ جگہ ایل سی ڈی اسکرینز، سیکڑوں کی تعداد میں لاڈ اسپیکرز اور ہزاروں لائیٹیں نصب کی گئی ہیں۔جلسے میں شریک لوگوں کے دلوں کو گرمانے اور ان کا جوش برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے جلسوں کی طرح اس مرتبہ بھی امکان ہے کہ معروف گلوکار ابرار الحق اور سلمان احمد اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔جلسے میں روایتی انداز میں کنٹینرز کی مدد سے 2 اسٹیج تیار کئے گئے ہیں۔ ایک اسٹیج پارٹی کی قیادت اور دوسرا میڈیا کوریج کے لیے بنایا گیا ہے۔تحریک انصاف کی قیادت کیلئے 36 کنٹینرز پر مشتمل اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات وزیر اعظم عمران کی جانب سے خصوصی پیغام جاری ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ پاکستان کی جنگ ہے اور یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں۔ سڑکوں پر رش ہوگا اس لیے جلدی نکلیں۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں تحریک انصاف کے علاوہ جے یو آئی بھی آج جلسہ کررہی ہے، جس کی وجہ سے پولیس نے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔