پنجاب

پاکستان کو مضبوط وخوشحال بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب

 

لاہور(آئی پی ایس)وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم پاکستان پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23مارچ پر قائداعظم اور مسلم لیگ کے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سے غیر متزلزل محبت اور وفا کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، پاکستان کی آزادی کی تاریخ میں 23 مارچ کے دن کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔عثمان بزدار نے کہا کہ یہ ایک ایسا دن ہے جب آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی، آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے۔

انکا کہنا ہے کہ برصغیر میں بسنے والی مختلف نسلیں، مختلف قبیلے اور مختلف فرقے ایک قوم بننے کا فیصلہ نہ کرتے تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہوپاتا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کی بنیاد رکھ چکی ہے، پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا، قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر جاری ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اس مرحلے میں قوم کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آج بھی اسی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 23 مارچ 1940 کو دیکھنے میں آیا، 23 مارچ والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں باوقار مقام دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker