اہم خبریںپاکستان

لوٹا نہیں ہوں،وزیر خزانہ شوکت ترین نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملک میں تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے غیر یقینی کی صورتحال ہے جو کہ اگلے کچھ دنوں میں ختم ہو جانی چاہیے، میں پی ٹی آئی کا منتخب سینیٹر ہوں لوٹا نہیں ہوں، پی ٹی آئی کی حکومت رہی تو میں بھی برقرار رہوں گا لیکن اگر دوسری حکومت آئی اور اس نے مجھے وزیر رہنے کا کہا تو نہیں رہوں گا۔

اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بجلی اور پیٹرولیم لیوی میں تبدیلی کا پوچھا ہے جس پر ہم نے انہیں بتایا کہ ہم نے کہاں سے پیسہ ایڈجسٹ کیا، آئی ایم ایف مان گیا ہے کہ ہم نے بیلنس کرکے پیسہ دیا ہے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ اسے معاہدے دکھائے جائیں، آئی ایم ایف کے ساتھ منگل کو ملاقات طے ہے۔

ملک میں ڈیزل کی کمی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے پاس 34 دن کا ڈیزل اسٹاک ہے، ریکوڈک کے بارے میں آج شام تک فیصلہ ہو جائیگا، اس حوالے سے بڑی خوشخبری دینے والے ہیں۔

شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ 28 فیصد بڑھ گئی ہیں اور ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے، فروری میں کرنٹ اکانٹ خسارہ 545 ملین ڈالر ہوگیا ہے جبکہ جاری کھاتوں کے خسارے میں بھی کمی آرہی ہے اور معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں 6 فیصد کمی ہوئی ہے اور اب ملک میں 36 ماہ میں سب سے کم مہنگائی ہے، عوام کو بجلی کی قیمتوں میں 5 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ میں لوٹا نہیں ہوں، پی ٹی آئی کا سینیٹر منتخب ہوا ہوں اسی لیے کسی دوسری حکومت میں بالکل نہیں رہوں گا،غیر یقینی صورت حال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہیں، غیر یقینی کی صورتحال زیادہ عرصے نہیں چلے گی، پی ٹی آئی کا سینیٹر منتخب ہوا ہوں، میں لوٹا نہیں ہوں، نئی حکومت کے ساتھ بالکل کام نہیں کروں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker