پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکول حیدری چوک راولپنڈی کیمپس میں محفل تکمیل قرآن کا انعقاد کیا گیا ختم القرآن کی تقریب منعقد کرنے کا مقصد جماعت پنجم کے طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا تھا کہ اللہ پاک نے ان کو یہ سعادت نصیب فرمائی۔ بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے والدین کو بھی اس محفل میں مدعو کیا گیا ۔ اسکول کیمپس ڈائریکٹر محترمہ سمیہ اور اسکول پرنسپل محترمہ سعدیہ نے والدین کو دل کی گہرائیوں سے اس پرمسرت اور پر نور محفل میں خوش آمدید کہا۔ تقریب کا آغاز اللہ کے بابرکت نام سے ہوا جو بادشاہوں کا بادشاہ، شہنشاہوں کا شہنشاہ اور سلطان سلاطین ہے۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد محفل اسمائے حسنی کی خواص و برکات سے مستفید ہوئی۔ تکمیل قرآن سے مستفید جماعت پنجم کے طلباء سے کلام الہی کا کچھ حصہ سننے کی سعادت ناظرہ ٹیچرمحسن عطا قاضی کو حاصل ہوئی۔ یہ انہی کی محنت اور کاوش کا ثمر ہے کہ بچے اس نادر موقع سے فیض یاب ہو سکے۔ ناظرہ ٹیچر محسن عطاء قاضی نے بہت خوبصورت آواز میں تکمیل قرآن کی دعا فرمائی بچوں سے مخاطب ہو کر انہوں نےفرمایا کہ قرآن پاک ہدایت ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے ایمان کی اساس بھی ہے اور اس کی تلاوت سے دلوں کو چین اور قرار نصیب ہوتا ہے ۔ اللہ پاک ہمیں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ دعا کے بعد بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں اسناد اور تحائف سے بھی نوازا گیا ۔ تقریب کا اختتام سکول ڈائریکٹر محترمیہ سمیہ کے ایک مختصر خطاب کے ساتھ ہوا انہوں نے جماعت پنجم کے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں وقف کریں۔ سکول پرنسپل محترمہ سعدیہ حمید نے والدین کو یہ بھی بتایا کہ پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی اور اصلاحی تربیت پر بھرپور توجہ دیتا ہے۔ یہاں بچوں کی جدید دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی علوم پر بھی خصوصی کام کیا جاتا ہے تاکہ وہ معاشرے کا بہترین فرد بن سکیں اور تکمیل قرآن کی یہ محفل اس بات کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکول طلباء کو عبادت، مطالعہ اور سیکھنے کا بہترین ماحول فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل رہتا ہے اور مستقبل میں بھی اسے جاری رکھنے کا عزم کرتا ہے۔