اینٹی کرپشن راولپنڈی نے گرفتار سابق سینیٹر چوہدری تنویر کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا،عدالت نے ملزم کو راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے بریت کی درخواست مسترد کردی۔ن لیگ کے سابق سینیٹر چوہدری تنویر کو سخت سیکورٹی میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے آر آئی سی سے جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا۔ملزم کو سینئر سول جج قذافی بن زائر کی عدالت میں پیش کرکے بتایا گیا ملزم نے 64کنال زمین،881کنال کمرشل،399کنال رہائشی سرکاری اراضی پر قبضہ کررکھا ہے،جسکی مجموعی مالیت دو ارب 88کروڑ سے زائد ہے،ملزم کا تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ ملزم کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا،جس جگہ پر قبضہ کا دعویٰ کیا جارہا ہے اس کی محکمہ ریونیو اور آر ڈی اے نے نشاندہی کی تھی،اسلئے ملزم کو مقدمہ سے خارج کیا جائے ملزم نے عدالت کو بتایا کہ ان کا دل بیس فیصد کام کر رہا ہے
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،اینٹی کرپشن حکام کو ہدایت کی کہ ملزم کا آر آئی سی سے طبی معائنہ کرایا جائے،عدالتی حکم کے بعد چوہدری تنویر کو دوبارہ تھانہ کینٹ کی حوالات منتقل کر دیا گیا۔