
راولپنڈی(آئی پی ایس)پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول اینڈ کالجز راولپنڈی میں ہوئی رنگارنگ گریجویشن تقریب اور سالانہ پروگرام میں یمن کے وزیر عبد اللہ حسن حسین عبید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔پاک ترک معارف اسکول راولپنڈی کیمپس کا سالانہ دن بڑے جوش و خروش اور منظم طریقے سے پاک ترک معارف سکول کے آڈیٹوریم میں منایا گیا ۔
اس موقع پر اسکول کے آڈیٹوریم کو پھولوں اور رنگ برنگے غباروں سے سجایا گیا ۔ یمن کے وزیر محترم جناب عبد اللہ حسن حسین عبید نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ ننھے منے بچوں اور اسکول انتظامیہ نے پھولوں کے گلدستے سے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔
پروگرام کا آغاز سور الرحمن کی تلاوت بمعہ اردو اور انگریزی ترجمہ کے ساتھ کیا گیا
پاکستان اور ترکی کا قومی ترانہ بڑے جوش و خروش اور ادب و احترام سے پڑھا گیا۔ پاک ترک معارف سکول راولپنڈی کیمپس کی پرنسپل محترمہ سعدیہ حمید صاحبہ اور کیمپس ڈائریکٹر محترمہ سمیہ صاحبہ نے پرو گرام میں موجود والدین اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اسکول کے مقاصد اور کامیابیوں پر مختصرروشنی ڈالی۔
پری نرسری اور نرسری کے خوبصورت رنگ برنگے ملبوسات میں موجود ننھے منے طلبا و طالبات نے استقبالیہ گیت سے والدین اور مہمانوں کا استقبال کیا ۔2022۔2021 تک ہونے والی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی سالانہ رپورٹ ویڈیو کے ذریعے والدین اور مہمانوں کے سامنے پیش کی گئی ۔
(ٹھاٹ برو کا ملاپ سنگم ) موسیقی کی ایک مشکل چھپ تال کے ساتھ جو کہ دس ماترے پر مشتمل ہے۔ جماعت چہارم کے طلبا نے سرگم اور لہہ کاری کا حسین امتراج پیش کیا۔ اس خوبصورت صوفیانہ کلام پر طلبا اور میوزک ٹیچر مظہر صاحب کو مہمان خصوصی اور والدین کی طرف سے خوب داد وصول ہوئی۔
پروگرام میں موجود پری نرسری سے جماعت ششم تک کے طلبا و طالبات نے اخلاقی، اصلاحی ،تربیاتی ،ثقافتی اور حب الوطنی پر مشتمل ٹیبلو اور خوبصورت دھمال پیش کئے اور اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا اور حاضرین سے خوب داد بھی وصول کی۔
جماعت چہارم کے طلبا و طالبات نے کلام اقبال شکوہ اور جواب شکوہ کو بہت احسن طریقے سے حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ آیات اور احادیث کا حوالہ دیکر معاشرتی برائیوں کو اجاگر کیا گیا اور مسلمانوں کا عروج دکھایا گیا۔ خلفائے راشدین،مسلم رہنما رومی، ٹیپو سلطان جابر بن حیان صلاح الدین ایوبی اور خلافت عثمانیہ کا دور دکھایا گیا جو کہ قابل دید تھا۔
جماعت پنجم کے طلبا و طالبات نے معاشرے میں موجود سماجی برائیوں کے خلاف خصوصی ٹیبلو پیش کیا ۔جماعت ششم کے طلبا طالبات نے مزاحیہ مشاعرہ کرکے حاضرین کو خوب لطف اندوز کیا اور ان کی اس خوبصورت کاوش کو سہرایا گیا ۔ آخر میں کیجی اور جماعت پنجم کے طلبا وطالبات نے گریجویشن گیت پیش کیا۔
پاک ترک معارف راولپنڈی کیمپس کی پرنسپل سعدیہ حمید ، کیمپس ڈائریکٹر سمیہ اور مہمان خصوصی جناب عبد اللہ حسن حسین عبید صاحب کے ہمراہ کے جی اور جماعت پنجم کے تمام گریجویٹس کو اعزازی اسناد اور ٹرافیوں سے نوازا گیا۔پاک ترک معارف اسکول ایف الیون کیمپس کی پرنسپل غزالہ صاحبہ کے ہاتھوں اساتذہ کو خصوصی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ۔ تمام والدین طلبا اور مہمانوں نے پروگرام کو خوب انجوائے کیا ۔مہمان خصوصی اور والدین نے پروگرام دیکھ کر اسکول کے مینجمنٹ اساتذہ اور بچوں کی کوششوں کو خوب سہرایا۔
پاک ترک معارف سکول راولپنڈی کیمپس کی پرنسپل سعدیہ حمید نے مہمان خصوصی اور دیگر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ان کے سکول کے محنتی اساتذہ نہ صرف بچوں کی تعلیم و تربیت بلکہ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دیتے ہیں ۔ سالانہ دن منانا اسکول کو اپنی کامیابیوں کو ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ طلبا کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنیاور اپنے اعتماد کو بڑھانیاور اساتذہ کے ساتھ زیادہ غیر رسمی ماحول میں بات چیت کرنے اور تعلقات کو مزید خوشگوار بنانیکا موقع دیتا ہے۔