
لاہور(آئی پی ایس ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی قائدین کی اراکین پارلیمان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان نے کہا کہ ہمارے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی کے نامزد کردہ کسی بیرون ملک دورے کا حصہ نہیں بنیں گے، سب اراکین کو ملک میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی اراکین کو مہنگائی سے ستائی عوام کے خرچے پر بیرون ملک دوروں سے منع کیا گیا ہے ، عوام کو کچھ نہ دینے والی حکومت کے سرکاری دوروں کا حصہ نہیں بن سکتے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری سے مر گئے ہیں اور حکومت سرکاری خرچ پر دوروں کے پروگرام بنا رہی ہے، قوم کے کروڑوں روپے دوروں پر ضائع کرنا کرپشن اور ڈکیتی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پی ٹی آئی کے احساس رکھنے والے ارکان ان دوروں کا حصہ بننے سے انکار کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے وزیراعظم کے خلاف آئندہ ہفتے تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر بھی اراکین اسمبلی کو بیرونِ ملک جانے سے روکا ہے تاکہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کو کامیاب کروایا جاسکے۔