وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کیلئے بڑی خبر یہ ہے کہ مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی قیادت میں اسلام آباد سے تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز کی محنت رنگ لے آئی اور حکومت نے اسلام آباد میں بجلی کے نئے میٹر لگانے کی اجازت دیدی ہے۔ نیپرا نے آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے نام خط میں فیصلے سے آگاہ کردیا۔ 25 جنوری جنوری کے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں یوٹیلٹی کنکشنز کی فراہمی سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے اپنے 17 فروری کے اجلاس میں نیپرا کو رہنما اصول مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہناہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کو بجلی گیس کنکشنز کی فراہمی کا فیصلہ ہراعتبار سے قابل تحسین ہے۔ طرزِ حکمرانی میں تبدیلی اورعوامی مفاد کے گرد فیصلہ سازی انقلابی تبدیلیاں لاسکتی ہیں ۔ اسدعمر کا کہنا تھا کہ شہری سہولیات کی عوام تک فراہمی کے حوالے سے تحریک انصاف کے عزائم واضح اور غیر مبہم ہیں اور اس فیصلے سے اسلام آباد کے شہریوں کو بجلی و گیس جیسی بنیادی سہولیات تک رسائی میں مدد ملے گی وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی بہبود کا کلیدی ہدف مؤثر اور بااختیار بلدیاتی نظام سے حاصل کریں گے اسدعمر کے مطابق خدمت اور عوامی بہبود کو اپنی سرگرمیوں کا محور بنا کر وفاقی دارالحکومت کو دنیا کا سہولیات سے آراستہ جدید ترین شہر بنائیں گے۔