پیرس (آئی پی ایس )فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)نے پاکستان کو مزید جون تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کا نام 2018 سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہے جس سے نکلنے کیلئے اسے کئی اہداف دیئے گئے تھے۔ حماد اظہر کہنا تھا کہ پاکستان اکثر اہداف پورے کرچکا ہے۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس پیرس میں جاری تھا جس کا جمعہ کو آخری روز تھا، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے دیئے گئے اہداف سے متعلق رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو مزید 4 ماہ کیلئے گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے جون تک اہداف حاصل کرنے کا وقت دیدیا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے 5 ایکشن پلانز کا جائزہ لیا گیا، 4 ایکشن پلان منی لانڈرنگ اور ایک پلان دہشتگردی کی مالی معاونت سے متعلق تھا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2021 میں ایف اے ٹی ایف نے اپنے 27 نکاتی ایکشن پلان کے 26 آئٹمز کی تکمیل پر پاکستان کی پیشرفت کو تسلیم کیا تھا لیکن اقوام متحدہ کے نامزد دہشت گرد گروپوں کی اعلی قیادت کے خلاف دہشت گردی کی مالی معاونت کی تحقیقات اور ان کے خلاف قانونی کارروائیاں دکھانے کے لیے ملک کو اضافی نگرانی کی فہرست میں برقرار رکھا گیا تھا۔اس وقت ایف اے ٹی ایف کے صدر ڈاکٹر مارکس پلیئر نے کہا تھا کہ پاکستان کو کل 34 آئٹمز کے ساتھ بیک وقت دو ایکشن پلان مکمل کرنے ہیں، اب تک ملک 30 آئٹمز پر عمل یا بڑی حد تک عمل کرلیا ہے۔