
کراچی (آئی پی ایس )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی سالگرہ ہیپی برتھ ڈے لالا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی ۔شاہد آفریدی 42برس کے ہوگئے ۔شاہد آفریدی یکم مارچ 1980 کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے،
شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996 میں کینیا کے خلاف ایک روزہ میچ میں ڈیبیو کیا تھا ۔ ای ایس پی این کرک انفو نے شاہد آفریدی کو سالگرہ پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ شاہد آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں، انہوں نے 27 ٹیسٹ میچز کھیل کر 5 سنچریز اور 8 نصف سنچریز مکمل کیں اور بہترین اسکور 156 رہا
جبکہ انہوں نے اپنا ایک ورلڈ ریکارڈ سری لنکا کے خلاف قائم کیا۔ 398 ایک روزہ میچز میں شاہد خان آفریدی نے 8 ہزار 64 رنز بنائے جس میں 6 سینچریاں اور 39 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں جبکہ ٹی ٹونٹی میچز میں 4 نصف سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 415 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی کو ٹی ٹونٹی میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی حاصل ہے۔
شاہد خان آفریدی نے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ 124 رنز بنائے جبکہ کل 395 وکٹیں حاصل کیں۔ سال 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان نے شاہد آفریدی کی بہترین بیٹنگ کی وجہ سے جیتا۔شاہد آفریدی نے سب سے بہتر اسٹرائیک ریٹ اور سب سے زیادہ چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ بھی بنایا۔ شاہد خان آفریدی نے پاکستان کی جانب سے آخری ایک روزہ میچ مارچ 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔حال ہی میں کھیلے جانیوالے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے سیزن7میں شاہد آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اپنا آخری میچ کھیلا ہے ۔