
اسلام آباد،وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کے بھائی عمرامین گنڈا پورنے نااہلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق عمرامین گنڈا پورنے الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔تحریک انصاف کے رہنما کی جانب سے درخواست میں چیف الیکشن کمیشن، ریجنل الیکشن کمشن اور کامران مرتضی کو فریق بنایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا۔عمر امین گنڈا پور نے درخواست میں موقف اپنایا کہ قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیے تھا۔ سمری انکوائری کے بغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب نہیں قراردیا جا سکتا۔دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔واضح رہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گذشتہ روز عمر امین گنڈا پورکو نااہل قراردیا تھا۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات مکمل ہونے تک وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کوعوامی اجتماعات میں شرکت اور خطاب سے روک دیا تاہم انھیں ڈی آئی خان میں داخلے کی اجازت مل گئی تھی۔الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پورگھریلو تقریبات میں شرکت کے علاوہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ انہوں نے پھر خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی ہوگی۔علی امین گنڈا پورکے بھائی عمر امین ڈی آئی خان سے پی ٹی آئی کے تحصیل میئر کے امیدوار ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے گذشتہ روزکیس کا محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔