
اسلام آباد ۔۔۔۔ گزشتہ روز مینارٹیز الائنس پاکستان کے زیر اہتمام پشاور میں مسیحی رہنما پاسٹر ولیم سراج کو قتل کیے جانے کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مینارٹیز الائنس پاکستان کے چئیرمین اکمل بھٹی ایڈووکیٹ، شمعون الفریڈ گل (وائس چیئرمین) مینارٹیز الائنس پاکستان اور ندیم بھٹی صدر(کینیڈا)مینارٹیز الائنس پاکستان آصف جان صدر مینارٹیز الائنس پاکستان اسلام آباد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مینارٹیز الائنس پاکستان وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ بھرپور طریقہ سے حمایت کرتے ہوئے ان کے دکھوں کا مداوا کرے اور متاثر ہ خاندان کی مناسب مالی مدد کی جائے اور ان کی کفالت کے حوالے سے ان کے لئے مستقل بنیادوں پر وظیفہ مختص کیا جائے۔ مینارٹیز الائنس پاکستان ریاستی اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پرسختی سے عملدرآمد کرے اور عوام کی حفاظت کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے عوامی سطع پر ہر ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سوشل،پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کا بھر پور استعمال کیا جائے اور مذہب یا عقیدہ کی بنیاد پر نفرت،تعصب یا رویے کو قابلِ تعزیر جرم قرار دیا جائے۔ ریاست پاکستان کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ایسے چہروں کو بے نقاب کرے جو پاکستان کو کمزور اور غیرمستحکم دیکھناچاہتے ہیں۔ مظاہرے کے اختتام پر پاسٹر ولیم سراج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔