
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کی انتظامیہ نے اسلام آباد شہر میں پانی کی بلاتعطل فراہمی بالخصوص موسم گرما میں پانی کی فراہمی کو بلاتعطل یقینی بنانے کیلئے ایک موثر پلان بنایا ہے ۔
جس کے تحت شہر بھر میں واٹر سپلائی نیٹ ورک میں موجود پانی کے رسا سمیت دیگر پانی کے ایسی وجوہات جو پانی کے ضیاع کا باعث بن رہی ہیں ان کو دور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے انتظامیہ نے 76 ملین روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ جس کے لئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علا قوں میں پرانی اور بوسیدہ پانی کی پائپ لائنوں کی مرمت کے کام سمیت نئی پائپ لائن بچھانے کا کام کیا جائے گا جن میں سیکٹر جی الیون، جی ٹین، ایف ایٹ، ایف سکس، ایف فائیو سمیت دیگر سیکٹرز شامل ہیں۔ اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔