
اسلام آباد(آئی پی ایس ) سی ڈی اے کی انتظامیہ اسلام آباد شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس سلسلے میں شعبہ واٹر سپلائی شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں موجود واٹر سپلائی نیٹ ورک کو متبادل جگہوں پر منتقل کررہا ہے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔تفصیلات کے مطابق شعبہ واٹر سپلائی نے سیونتھ ایونیو انٹرچینج منصوبے پر چار ہزار فٹ کی پائپ لائن کو متبادل جگہ پر منتقل کرکے محض دس یوم میں اسکو آپریشنل کردیا ہے تاکہ سیکٹر جی سکس اور جی سیون کے رہائشیوں کو پانی کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے واضح رہے شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے کام کے اعلی معیار کو یقینی بناتے ہوئے اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا تھا کہ مزکورہ سیکٹرز میں پانی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہی۔مزیدبرآں ٹینتھ ایونیو منصوبہ، راول ڈیم انٹرچینج منصوبے سمیت دیگر منصوبوں پر بھی واٹر سپلائی نیٹ ورک کو متبادل جگہوں پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔ تاکہ اسلام آباد کے مکینوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاوہ ازیں علی پور فراش فیز ون اور ٹو میں جاری کم آمدن گھروں کے منصوبے پر بھی شعبہ واٹر سپلائی نے واٹر نیٹ ورک بچھانے کا سلسلہ تیزی سے شروع کردیا ہے جسکو تین ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اسی طرح دو فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لئے سروے مکمل کرلیا گیا ہے جس پر جلد کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ جبکہ علی پور فراش میں سیورج نیٹ ورک کے تخمینے کا کام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا جسکے لئے جلد ہی ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے جائیں گے۔ اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے شعبہ واٹر سپلائی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے کیے جانے والے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔