
مری (آئی پی ایس )سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی کا خمیازہ مری کی عوام بھگت رہے ہیں ،تین سال میں کوئی چھ مری کے افسران تبدیل ہوئے،پنجاب میں بیوروکریسی کی تبدیلیاں پیسوں سے کی جاتیں ہیں پیسے دو تبدیلی کروا لو ۔ مری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب میں کرپشن کا طوفان ہے ،کوئی کام پیسوں کے بغیر نہیں ہوتا ،مری کو بند کرنا سرا سر زیادتی ہے، مری میں کرفیو کا سماں جان بوجھ کر پیدا کیا گیا ،مری میں پابندی لگا کر تشہر کی گئی اور سیاحوں میں خوف پیدا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چند افراد کی سزا سب اہلیان مری کو دی جا رہی ہے ۔مری کے لوگوں نے ہی برف باری میں ریسکیو آپریشن کیا ۔اصل حقائق چھپانے کے لئے چند افراد کی کرپشن چھپانے کے لیے تمام فیصلے جلد بازی میں کئے جا رہے ہیں۔مری کو پہلے تحصیل کی سہولیات تو حکومت دے بعد میں ضلع کی بات کریں ۔ آٹھ ہزار گاڑیوں کی گرہ لگانا حکومتی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔مری کو مکمل طور طر کھولا جائے۔ حکومت خود اس کے کھلنے کی تشہیر کرے ۔یہ بین الاقوامی سیاحتی ہل سٹیشن ہے ۔