
اسلام آباد،مری ، لاہور (آئی پی ایس ) بارشوں کا نیا اسپیل اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بادل برس پڑے، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی،کوئٹہ اور چمن سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں شدید برفباری جاری ہے جس کے باعث مختلف مقامات پرقومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، ملکہ کوہسار مری میں چند دن کے وقفے کے بعد برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ،راستے بند کردئیے گئے ۔ ملک بھر میں کہیں رم جھم تو کہیں موسلادھار بارش سے جاڑے کی شدت بھی بڑھ گئی۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت کئی شہروں میں بادل برسنے سے موسم دلفریب ہوگیا۔ بھکر، سانگلہ ہل، دریا خان، پاکپتن اور دیگر کئی علاقوں میں ابر رحمت برسا۔ سوات، گلیات، ایوبیہ، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی میں آسمان سے گرتی برف نے نظارے حسین بنا دیئے۔ میرانشاہ میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ بلوچستان میں کوئٹہ، چمن، زیارت میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ ملکہ کوہسار مری میں چند دن کے وقفے کے بعد برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ۔آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں وقفے وقفے سے بارش اور اولے بھی پڑے جبکہ پشاور میں موسلادھار بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی ہے تاہم بارش سے مختلف مقامات کی سڑکوں پرپانی بھی جمع ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملتان، رحیم یارخان ،لودھراں ،حافظ آباد،کمالیہ،وہاڑی ، گوجرہ سمیت پنجاب میں بھی بادل خوب برسے، مسلسل بارش سے درجنوں فیڈرٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کوئٹہ اور چمن سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں شدید برفباری جاری ہے جس کے باعث مختلف مقامات پرقومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ شدید برف باری کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کا عملہ مشینری کی مدد سے برف ہٹانے میں مصروف رہا۔