
وزیر اعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی خان محمد ثنا اللہ خان مستی خیل کی اہم ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال ۔مہنگائی ،بے روزگاری ، نوجوان یوتھ پروگرام ، احساس پروگرام ، کھاد کی قلت ۔بلدیاتی الیکشن عوامی ریلیف کے اقدامات تنظیم سازی عوام رابطہ مہم ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی درپیش عوامی مسائل وایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ایم این اے خان محمد ثنا اللہ خان مستی خیل نے مختلف عوامی ایشوز پر عوامی جذبات اور درپیش مسائل سے وزیراعظم عمران خان کو تفصیل سے آگاہ کیا ۔ملاقات میں خان محمد ثنا اللہ خان مستی خیل نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ بھکر کو سی پیک مغربی روٹ سے منسلک کرنے کے لیے موٹر وے بنائی جائے ،اس وقت ضلع بھکر موٹروے سے محروم ہے گزشتہ حکومت نے سی پیک روٹ سے ضلع بھکر کو دیدہ دانستہ محروم کر کے تھل کو ترقی کے ثمرات سے محروم رکھا ۔خان محمد ثنا اللہ خان نے ایم ایم روڈ پر جلد از جلد کام شروع کروانے اور اسے مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ تھل یونیورسٹی کا چارٹر جلد از جلد کرنے اور وائس چانسلر کی تقرری کا مطالبہ کیا جبکہ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ضلع بھکر میں انڈسٹریل زون بنایا جائے تاکہ بھکر سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہوسکے ۔ممبر قومی اسمبلی خان محمد ثنااللہ خان نے بھکر کو ڈویژن بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔دریاخان سوئی گیس میگا پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کلورکوٹ جنڈانوالہ دلے والا کوبھی سوئی گیس فراہم کی جائے ۔ایم۔این اے خان محمد ثنا اللہ خان مستی خیل نے حلقہ کے دیگر مسائل بھی پیش کئے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت تاریخ میں پہلی بار پسماندہ علاقوں کے لیے کام کر رہی ہے بھکر سمیت پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو تاریخی ترقیاتی پیکج دئیے گئے ہیں جس پر ممبر قومی اسمبلی خان محمد ثناللہ خان نے کہا میں ضلع بھکر کی عوام کی جانب سے آپکا شکریہ ادا کرتا ہوں اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔