
اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے آسانیاں پیدا کیں،. تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے شکایات کے ازالے کیلئے پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان سے مشیر سمندر پار پاکستانی امور ایوب آفریدی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کے اقدامات اور انتخابات میں حقِ رائے دہی ملنے پر حکومت کی پزیرائی پر گفتگوکی گئی۔ وزیرِ اعظم نے معاونِ خصوصی کو سمندر پار پاکستانیوں اور سفارتخانوں کے درمیان روابط بڑھا کر مسائل کے حل کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔