
گلگت۔۔۔ صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی و ترقی فتح الله خان نے سابق لیگی وزیر اعلیٰ کے گمراہ کن بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کا گھرانہ سیاست سے بھرپور ہے اور وہ بچپن سے ہی سیاسی میدان میں رہے ہیں وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان کو گلگت بلتستان کے حقیقی مسائل کا ادراک ہے اور وہ ان مسائل کی اعلی ترین سطح پر نشاندہی سمیت انکے حل کے لئے کوشاں ہیں جبکہ حفیظ حادثاتی طور پر سیاست کے میدان میں نمودار ہوئے ہیں ان کا سیاسی بیک گراؤند زیرو ہے اسلئے ان کی سیاست جھوٹ سے شروع اور جھوٹ پر ختم ہوتی ہے،ان کا قول و فعل میں ہمیشہ سے ہی تضاد رہا ہے۔ وہ اپنے مرحوم بھائی کے بعد سیاسی بنے بیٹھے ہیں،اپنے حلقے سے تعصب کی چھتری تلے سیاست کا آغاز کیا اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ گلگت میں تعصب پھیلانے کا ماسٹر مائنڈ بھی یہی بندہ ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ الفاظ کے جادوگر حفیظ یہ بتائیں کہ اپنے دور میں 70 سے 80 میگا واٹ کے منصوبے رکھے وہ آج کہاں ہیں صحت اور تعلیم کے شعبے زبوں حالی کے شکار تھے،ان کے دور حکومت میں عوام کو ناقص ادویات کی فراہمی جاری تھی۔ہماری حکومت کے آنے کے بعد ایک سال کے قلیل عرصے میں ہسپتالوں کا نظام بہتر بنایا،اب معیاری ادویات مل رہی ہے،عوام کا ہسپتالوں پر اعتماد بحال ہوچکا۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت ہوا میں تیر وہ خود چلارہے ہیں۔