
سکردو(آئی پی ایس)اے کے آر ایس پی کی جانب سے روندو زلزلہ متاثرین میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کوروندو کے مواضعات سلبو، یلبو، کوٹ، گونڈ باچی، سبسر، کنوداس، کھٹومچھ، جیوچی اور دیگر علاقوں کے 139 خاندانوں میں اشیائے صرف تقسیم کئے گئے۔ آر پی ایم اے کے آر ایس پی صداقت حسین، وسیم عباس، وزیر منور اور باقر حاجی نے مقامی عمائدین، علما، نمبرداران اور نوجوان سماجی کارکنان اور مقامی کمیٹیوں کے ساتھ مل کر امدادی سامان تقسیم کئے۔ اس موقع پر امام جمعہ و الجماعت شیخ ہاشم، شیخ صادق کے علاوہ سرکردہ گان نواب عالم، عامر، مصائب حسین، اور جمشید طیفور نے اے کے آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین تک امداد پہنچانے میں اے کے آر ایس پی کی کاوشیں بہت ہی شاندار رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ متاثرین کی بحالی اور انتظامی ڈھانچے کی بحالی و تعمیر نو میں بھی ان کا ادارہ پیش پیش رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے کی جانب سے مقامی سطح پر شمولیت و آگاہی کی سرگرمیوں سے لوگوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اے کے آر ایس پی کی جانب سے ریجنل پروگرام مینیجر نے متاثرین کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کا ادارہ شفافیت، شمولیت اور خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ علاقائی تعمیر و ترقی میں ان کا ادارہ ہر ممکن کوشاں رہے گا۔