اہم خبریںپاکستان

پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کی تاریخ پرپھرپی ڈی ایم جماعتوں میں تقسیم پیدا کر دی

اسلام آباد،پاکستان پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کی تاریخ پرایک مرتبہ پھرپی ڈی ایم جماعتوں میں تقسیم پیدا کر دی ،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کو یکجا کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں میں اعلیٰ سطح پر رابطے ، شہباز شریف کی درخواست پربلاول بھٹو نے 27فروری کو لانگ مارچ کرنے کا دوٹوک اعلان کرتے ہوئے پی ڈی ایم جماعتوں کو شرکت کی دعوت دیدی ، اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملانے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ، شہباز شریف سمیت ن لیگ کا اکثریتی گروپ پیپلز پارٹی کی اعلان کردہ تاریخ 27فروری کو لانگ مارچ کرنے پر راضی ہو گیا جبکہ مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی سمیت کئی اراکین اور جمعیت علمائے اسلام ف 23مارچ کو ہی لانگ مارچ کرنے کے فیصلے پر ڈٹ گئے ، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت کو پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف اورچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری میں گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس کے دوران غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کو یکجا کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا ۔ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے23مارچ کو لانگ مارچ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر مارچ کرنا مناسب نہیں ہو گا، مارچ میں لانگ مارچ سے کے پی کے بلدیاتی الیکشن بھی متاثر ہوں گے تاہم اگر اپوزیشن جماعتیں 27فروری کے لانگ مارچ میں شرکت کریں گی تو پیپلز پارٹی کو خوشی ہو گی اور مارچ کو بھی زیادہ اثر انگیز بنایا جا سکے گا ۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے بھی بلاول کی اس تجویز سے اتفاق کیا اور شہباز شریف کی تجویز پر پی ڈی ایم جماعتوں سے رابطوں کیلئے چیئرمین پیپلز پارٹی کی طرف سے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی طرف سے اس سے قبل بھی بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی وجہ سے پی ڈی ایم اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ کے حوالے سے تحفظات اٹھائے گئے تھے اور اب بھی شہباز شریف ، خواجہ آصف اور رانا ثنا اللہ سمیت پارٹی کا اکثریتی گروپ یہ سمجھتا ہے کہ انہیں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر احتجاج کرنا چاہئے تاہم مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی سمیت کئی اراکین اور جمعیت علمائے اسلام ف 23مارچ کو ہی لانگ مارچ کرنے کے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں جن کا خیال ہے کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی ہاتھ کیا ، اب بھی کر سکتی ہے ، لہذا پیپلز پارٹی اپنی تاریخ تبدیل کر کے 23مارچ کو مارچ میں شریک ہو یا پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ اپنی اپنی تاریخوں پر ہوں ۔ذرائع کے مطابق اس معاملے پر فیصلہ اسی ماہ کے آخر میں پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker