
راولپنڈی (آئی پی ایس )سماجی وانسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس نے کہاہے کہ سانحہ مری میں سیاحوں کی اموات پر دل افسردہ ہے، لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہوں، انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے کئی گھروں کے چراغ گل ہو گئے، تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داران کو سزا ملنی چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، سماجی رہنما مریم ادریس کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال کی اطلاع ہونے کے باوجود انتظامیہ کا بروقت اقدامات نہ کرنا نااہلی اور بے حسی ہے جس کی وجہ سے کئی افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے، سیاح مدد کو پکارتے رہے کوئی نہیں پہنچا،مریم ادریس کا کہنا ہے کہ دوسری طرف وزارا کے بیانات سن اور رویہ دیکھ کر افسوس ہوا اتنے بڑے سانحہ پر بھی اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے مختلف بیانات دے رہے ہیں حالانکہ یہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ایسی مشینری لائے جو ایسے مواقعوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام آتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کو صورتحال سے آگاہی دینے کی ضرورت ہوتی ہے جو نہیں دی گئی اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو یہ سانحہ ہی پیش نہ آتا، سماجی رہنما مریم ادریس نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داران کو سزا ملنی چاہئیتاکہ آئندہ ایسی غفلت اور سانحات نہ ہوں.