اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے ) نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے غیرقانونی قرار دیئے گئے نیوی سیلنگ کلب سے سامان ہٹانے کیلئے72گھنٹے کی مہلت دیدی ۔
سی ڈی اے کے ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سٹی فیصل نعیم کی طرف سے ڈائریکٹر ورکس نیول ہیڈکواٹرز کو نوٹس جاری کر دیا گیا ۔ نوٹس میں نیول ہیڈکواٹرز سے کہا گیا ہے کہ معزز عدالت کے احکامات کی روشنی میں نیوی سیلنگ کلب کو سیل کیا جاچکا ہے اور عدالتی حکم کے مطابق 3 ہفتے میں تمام ڈھانچے کو ہٹاکرجگہ کو صاف کرنا ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کی رو سے مقررہ وقت میں جگہ کو صاف کرنا ہے، اس لئے وہاں موجود تمام سامان کو نوٹس کے اجرا کے 72 گھنٹے کے اندر ہٹادیا جائے۔ نوٹس کے مطابق اگر دی گئی مہلت کے دوران سامان نہیں ہٹایا گیا تو پھر سی ڈی اے عمارت کو منہدم کرکے تمام سامان وہاں سے ہٹادے گا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نہ تو یہ جگہ الاٹ کی گئی ہے اور نہ اس کی کسی مجاز اتھارٹی سے اجازت لے گئی ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں بنائی عمارت اور سرگرمیاں سی ڈی اے کے قواعد وضوابط کی سنگین خلاف وزری ہے اور اس سے ماحولیات کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں ۔