
سڈنی (آئی پی ایس) سڈنی میں بلے بازوں کی بھرپور مزاحمت کی بدولت انگلینڈ ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو گیا اور آسٹریلیا کا سیریز میں کلین سوئپ کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ گیارویں نمبر پر کھیلنے والے کھلاڑی جیمز اینڈرسن نے لیگ اسپنر اسٹیو اسمتھ کے آخری اوور کا محتاط انداز سے سامنا کیا، سخت دباؤ میں 388 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 9وکٹوں کے نقصان پر270 رنز بنائے۔ آسٹریلیا پورے میچ کے دوران کھیل کے ہر شعبے میں حاوی نظر آیا اور میچ میں اپنی دونوں اننگز کو ڈکلیئر کیا۔۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے بلے باز عثمان خواجہ کو کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ٹریوس ہیڈ کی جگہ متبادل کھلاڑی کے طور پر 2 سال سے زائد عرصے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کیں ۔ عثمان خواجہ کو دونوں اننگز میں سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔