
کیپ ٹاون (آئی پی ایس )جنوبی افریقا کے لیجنڈ بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ پورے کیرئیر میں پاکستان کے محمد آصف جیسی جادوئی بولنگ کبھی نہیں دیکھی۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان کھیلی جا رہی سیریز کے دوران کمنٹیٹر نے لیجنڈ پروٹیز بلے باز ہاشم آملہ سے سوال کیا کہ آپ کے کیرئیر میں کس بولر نے اپنی تکنیک اور بولنگ سے آپ کو پریشان کیا جس پر ہاشم آملہ نے پاکستان کے محمد آصف کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جادوگر بولر تھے، آصف جب گیند کو ڈلیور کرتے تھے تو یہ پتہ ہی نہیں چلتا تھا کہ گیند اندر کی جانب آئے گی یا باہر کی جانب۔سابق جنوبی افریقی بلے باز نے کہا کہ آصف گیند کو بہت ہی مہارت سے اوپر اٹھاتے تھے، میں گیند کو چھوڑنے کے لیے بلا اوپر اٹھاتا تھا تو کبھی گیند اندر آکر بلے کو چھوتے ہوئے چلی جاتی تھی اور کبھی گیند اتنی اوپر اٹھ جاتی تھی کہ ایج نکل جاتا تھا۔ہاشم آملہ نے کہا کہ اپنے لمبے قد کی وجہ سے محمد آصف گیند کو اچھی لینتھ سے اٹھانے کی صلاحیت رکھتے تھے، ان کی بولنگ کو دیکھ کر بہت مزہ آتا تھا اور ان کا سامنا کرنا بہت اچھا نہیں لگتا تھا۔ہاشم آملہ نے جنوبی افریقا کی جانب سے 124 ٹیسٹ میچوں میں 9282، 181 ایک روزہ میچوں میں 8113 اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1277 رنز بنائے تھے۔