لاہور ، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر عمران سکندر بلوچ نے مسلسل غیرحاضری پر 164ڈاکٹرزکو نوکری سے نکال دیا،طویل عرصہ سے غیر حاضر رہنے والے تمام ڈاکٹرزکوپیڈاایکٹ 2006کے تحت نوکری سے برخاست کیاگیا۔
جمعرات کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرنے نوکری سے برخاست کرنے والے تمام ڈاکٹرزکی فہرست جاری کردی۔تمام ڈاکٹرزکے خلا ف نوکری پر واپس آنے کیلئے کئی بار تنبیہ کے بعدکارروائی عمل میں لائی گئی۔نوکری سے برخاست کئے جانے والے تمام ڈاکٹرزکو شوکازنوٹس کاجواب جمع کروانے کی کئی بار ہدایت کی گئی۔نوکری سے برخاست تمام ڈاکٹرزکی جواب طلبی کیلئے اخبارات میں باقاعدہ اشتہار دیاگیا۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندربلوچ نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی مسلسل غیر حاضری کو برداشت نہیں کیاجائے گا،تمام ڈاکٹرزکے خلاف بارہاوارننگ جاری کرنے کے بعدپیڈاایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، محکمہ میں غیرذمہ دار افسران و سٹاف کی کوئی جگہ نہیں۔