
اسلام آباد،پاکستان ورکرز فیڈریشن اور عالمی ادارہ محنت(آئی ایل او)کے تعاون سے سیالکوٹ میں بھٹہ خشت کے مزدوروں کے حقوق بارے آگاہی اور سماجی تحفظ کے اداروں میں رجسٹریشن کے حوالے سے مہم کا آغاز ہو چکا ہے
اس سلسلے میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یسین کی ذاتی کوششوں اور مطالبے پر نادرا نے بھٹہ خشت مزدوروں کے شناختی کارڈ بنانے کے حوالے سے موبائل وین خصوصی طور پر بھٹوں پر بھیج دیں،گزشتہ روز نادرا موبائل وین سمبڑیال اور ڈسکہ روڈ پر موجود بھٹوں پر سروس کا آغاز کر دیا گیا اور 150سے زائد بھٹہ خشت مزدوروں کے شناختی کارڈ بنائے گئے،اس موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یسین،صدر چوہدری نسیم اقبال،چیئرمین ماما سلام بلوچ،آئی ایل او کے بنیامین،چوہدری محمد اشرف،پروجیکٹ کوآرڈینیٹر اسد محمود،سعد محمدنے قومی ادارے نادرا کے حکام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مطالبے پر بھٹہ خشت مزدوروں کے شناختی کارڈ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انشا اللہ مستقبل میں بھٹہ مالکان اور حکومتی اداروں سے مل کر بھٹہ خشت مزدوروں کے مسائل حل کریں گے،پاکستان ورکرز فیڈریشن آئی ایل او کے باہمی اشتراک سے بھٹہ خشت مزدوروں میں آگاہی فراہم کرے گی اور انشا اللہ لیبر قوانین پر عمل درآمد کروانے کے لیے اقدامات کریں گے،اس موقع پر انھوں نے صوبائی وزیر برائے محنت،سیکرٹری محنت و دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بھٹہ خشت مزدوروں کے سماجی تحفظ کے اداروں میں رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ انکو سوشل سیکورٹی،ای اوبی آئی و دیگر سہولیات میسر آسکیں۔