اسلام آباد ، حال ہی میں سینیٹر بننے والے مشیر خزانہ شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو کا قلمدان دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر شوکت ترین کو وفاقی وزیر تعینات کیا، وزیراعظم نے سینیٹر شوکت ترین کو خزانہ و ریونیو کا قلمدان دیا۔کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر تعینات ہونے کے بعد شوکت ترین مشیر برائے خزانہ و ریونیو کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔یاد رہے کہ شوکت ترین گزشتہ ہفتے سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور صدر مملکت نے آج سینیٹر شوکت ترین سے وفاقی وزیر کا حلف لیا تھا۔شوکت ترین کو17 اپریل 2021 کو 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنایا گیا تھا اور شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر6 ماہ کی مدت 16 اکتوبر کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد 17 اکتوبر 2021 سے وہ بطور مشیر خزانہ و ریونیو خدمات انجام دے رہے تھے۔