![](https://ips.media/wp-content/uploads/2021/12/PTI.jpg)
اسلام آباد،پاکستان تحریک انصاف کی قومی قیادت پر مشتمل 21 رکنی آئینی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پارٹی کی نئی تنظیم سازی کے لئے بنیادی ڈھانچہ تشکیل دے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قومی لیڈر شپ پر مشتمل نئی آئینی کمیٹی میں پرویز خٹک، محمود خان، مراد سعید، اسد قیصر، علی امین گنڈا پور، فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، خسرو بختیار، چوہدری محمد سرور، سیف اللہ نیازی، عامر کیانی، عثمان بزدار، قاسم سوری، عمران اسماعیل، علی زیدی، اسد عمر، شیریں مزاری، شفقت محمود، ماجد خان اور جاوید منواشامل ہیں۔ کمیٹی پارٹی کے نئے آئین پر کام کرے گی جبکہ پارٹی کی نئی تنظیموں کے بارے میں بنیادی ڈھانچہ دوبارہ مرتب کرے گی۔ سینئر اراکین پر مشتمل کمیٹی کی منظوری کے بعد نئی تنظیمیں تشکیل دی جائیں گی۔