وہاڑی(نمائندہ خصوصی)ضلع وہاڑی تحصیل بورے والا میں انجمن تاجران رجسٹرڈ کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں تاجر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں صدر مرکزی انجمن تاجران پاکستان کاشف چوہدری، میاں محمد ادریس صدر سنٹرل پنجاب، شیخ جاوید اختر صدر جنوبی پنجاب، خالد قریشی صدر ملتان، ضیا راجہ مرکزی ترجمان، طاہر شریف گجر صدر ضلع وہاڑی، صدر تحصیل بوریوالا چوہدری شوکت آرائیں،نائب صدر رانا محمد شکیل، شہزاد مصطفی چوہان چئیرمین تحصیل بوریوالا سمیت دیگر معززین نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ رانا محمد شکیل چوہان، میاں محمد سلیم، سماب رہنما لطیف خلجی، عظیم نور قادری اور میاں اویس رمضان نے مرکزی رہنماوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی پر پھولوں کی پتیاں اور نوٹ نچھاور کیے گئے۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں اور تاجروں کی آواز کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں اپنا کردار احسن انداز میں ادا کیا۔ اس موقع پر کاشف چوہدری نے تحصیل بوریوالا میں نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیتے ہوئے انہیں تاجروں کے لیے دن رات ایک کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین شہزاد مصطفی چوہان نے کہا کہ کاشف چوہدری نے تاجروں کی نمائندگی میں بہترین اقدامات کرتے ہوئے کئی مطالبات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ،تاجروں کی خدمت کے عمل کو انہی کے مشن کے مطابق آگے لے کر بڑھیں گے ،پراپرٹی ٹیکس کا خاتمہ، پی او ایس پر سفارشات کا نفاذ ان کی قابل ذکر کاوشوں میں شامل ہے ۔کنونشن کے شرکا کے لیے تقریب کے اختتام پر پر تکلف عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔