اسلام آباد، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی میں بھرتیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ۔
پیر کو کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت عالیہ کی طرف سے سیکرٹری اطلاعات، ایم ڈی اے پی پی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10جنوری تک اے پی پی میں بھرتیوں کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گی ۔درخواست گزار کے وکیل حسنین حیدر تھہیم نے کہا کہ میرا موکل بھرتی کے معیار پر پورا اترتا ہے ،غیر متعلقہ افراد کو بھرتی کیا جارہا ہے، اے پی پی میں خلاف ضابطہ بھرتی کرکے تھرڈ پارٹی حق بنایا جارہا ہے،کچھ امیدواروں کے پاس متعلقہ ڈگری ہے نہ ہی تجربہ، اے پی پی کو ٹیسٹ ریکارڈ اور انٹرویو کی وڈیو ریکارڈنگ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں، اے پی پی کو سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کے احکامات جاری کیے جائیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ غیر قانونی کام غیر قانونی ہوتا ہے چاہے جو بھی کرلیا جائے،10جنوری تک اے پی پی میں بھرتیوں کا ریکارڈ پیش کیا جائے ۔