
وہاڑی(نمائندہ خصوصی )خواتین پرتشددکی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پرریڈزپاکستان اورسوشل ویلفیئر کے زیراہتمام دارالامان وہاڑی میں آگاہی تقریب اورآگاہی واک کاانعقادکیاگیا،خواتین پرتشددکی روک تھام کے عالمی دن کی مناسبت سے دارالامان وہاڑی خواتین کوان کے حقوق تشددسے روک تھام کے حوالہ سے آگاہی تقریب کاانعقاد کیاگیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرگرام منیجرریڈزپاکستاں ڈاکٹرمظفرسعیدنے کہا کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیابھرمیں خواتین پرتشددمعمول بن چکاہے۔اس رویہ کی روک تھام کیلئے سرکاری سطح کے علاوہ سماجی تنظیمیں بھی کام کررہی ہیں لیکن خواتین کوبھی چاہئے کہ وہ لوگوں کے رویہ کی پرواہ کئے بغیرسوشل ورک جاری رکھیں کیونکہ ہمارے معاشرہ میں خواتین پرتشددکی بڑی وجہ تعلیم کی کمی کے ساتھ بیروزگاری بھی ہے خواتین بیروزگاری سے نکالنے میں اپنے خاندان کیلئے بہترین کرداراداکرسکتی ہیں اس طرح تشددکاراستہ بندہوجائیگا۔تقریب سے سپریٹنڈنٹ دارالامان مریم ظفرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گھریلوماحول کی وجہ سے اکثرخواتین عدم اعتمادسے دوچارہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے مردوں کوان پرتشددکرنے کابہانہ مل جاتاہے خواتین کواپنے اندرخوداعتمادی پیداکرکے مشکلات کامقابلہ کرناچاہئے۔تقریب سے سماجی راہنمامس صبوحی حسن،سیاسی وسماجی راہنماعظمی سلیم،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرروبینہ عباس کی نمائندہ فرحت خلیل،ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹرریڈزپاکستان شائستہ نرگس اورشکیلہ رانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وٹہ سٹہ اورکم عمری کی شادیاں بھی خواتین پرتشددکاسبب بنتی ہیں لیکن ضروری ہے کہ خواتین جذبات میں آکرغلط قدم اٹھانے سے بچیں مقررین کاکہناتھاکہ مردوخواتین اپنے اپنے حقوق کے دائرہ میں رہیں توپرتشدمعاشرہ کاخاتمہ ہوسکتاہے۔تقریب کے آخرمیں آگاہی واک بھی نکالی گئی جبکہ تقریب میں دارالامان میں مقیم خواتین کے علاوہ دیگرخواتین نے بھی شرکت کی۔





