اسلام آباد(آئی پی ایس )الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور ان کے بیٹے کو جواب جمع کروانے کا ایک اور موقع دے دیا، الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر جواب نہ آنے پر کیس کا فیصلہ سنانے کا عندیہ بھی دیا۔تفصیلات کے مطابق یوسف رضا گیلانی کی ویڈیو اسکینڈل اور نا اہلیت کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے 2رکنی بینج نے کی، درخواست گزار فرخ حبیب اور عالیہ حمزہ پیش نہیں ہوئے۔ممبر بلوچستان نے استفسار کیا آج جواب جمع کرانا تھا جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ علی حیدر کے وکیل ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ممبر سندھ نثار درانی نے ریمارکس دیئے کہ آج نہ درخواست گزار ہیں نہ ہی جواب دہندہ، یوسف رضا گیلانی کی جانب سے بھی التوا کی استدعا کر دی گئی ہے، اس طرح تو یہ کیس لٹکا ہی رہے گا، آئندہ سماعت پر جواب نہ آیا تو کیس کا فیصلہ کر دیں گے۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی ویڈیو اسکینڈل اور نا اہلیت کیس کی مزید سماعت 3دسمبر تک ملتوی کردی۔