اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں خواتین کے لیے مخصوص یونیورسٹی انتہائی ضروری ہے، وفاقی دارالحکومت کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث خواتین کو اعلی تعلیم کے حصول میں برابر مواقع نہیں ملتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قومی اسمبلی میں اسلام آباد خواتین یونیورسٹی بل 2021 پیش کرتے ہوئے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا
انہوں نے کہا کہ بہت سے والدین مخلوط تعلیمی نظام میں اپنی بچیوں کو بھیجتے ہوئے ہچکچاتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ یہاں خواتین یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اور ہائوس دونوں جگہ سے پاس ہو چکا ہے ،اس لیے میری درخواست ہے کہ قومی اسمبلی میں بھی اس کی منظوری دی جائے تاہم اس موقع وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم وجیہہ اکرم نے کہا کہ وزارت تعلیم کو اس بل کی بعض شقوں پر اعتراض ہے ا،س لیے بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے جس پر ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا واضح رہے کہ یہ اسلام آباد خواتین یونیورسٹی بل 2021 کے محرکین میں راجہ خرم نواز اور نفیسہ خٹک بھی شامل ہیں جبکہ ایوان بالا سے یہ بل سینیٹر سیمی ایزدی نے منظور کروایا۔