
راولپنڈی(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وممبر کشمیر کونسل محمد یونس میر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنا رہا ہے جوانسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پچھلے ایک ماہ میں متعدد کشمیری نوجوانوں کو ظلم و تشدد کر کے شہید کر دیا گیا ہے، انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی پرعالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی نا بنیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں، کشمیری اپنی آزادی کے لییجدوجہد کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، ممبر کشمیر کونسل محمد یونس میر کا کہنا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو روکنے کے لیے بھارت کا ہر حربہ ناکام ہو چکا ہے کشمیریوں کی جرات واستقامت کو سلام ہے جو بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود ڈٹے ہوئے ہیں بھارت سن لے وہ تحریک آزادی کشمیر کو نہیں روک سکتا محمد یونس میر کا کہنا ہے کہ کشمیری زندگی کے بنیادی حقوق سے محروم ہیں کیا دنیا کو یہ سب نظر نہیں آ رہا، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور بھارت کو لگام ڈالنی ہو گی تاکہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت مل سکے.