
ابو ظہبی،ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان نمیبیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 31واں میچ کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے حریف ٹیم نمیبیا کے خلاف پہلے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لئے سازگار ہیجبکہ آج کے میچ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔نمیبیا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔قومی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 189رنز بنائے ،بابر اعظم 70رنز بناکر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر کیچ آئو ٹ ہوئے جبکہ دوسرے آئو ٹ ہونے والے بیٹر فخر زمان تھے جو صرف 5رنز بناکر پویلین لوٹے۔شاہینوں کی جانب سے محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے50گیندوں پر 4چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 79رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ32سکور بناکر ناٹ آئو ٹ رہے۔پاکستان کے خلاف 190رنز ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی جانب سے سٹیفن بارڈ اور مائیکل وان لینگن نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ گرین شرٹس کے شاہین شاہ آفریدی نے پہلا اوور کرایا۔نمیبیا کو پہلی وکٹ کا نقصان مائیکل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو کہ صرف 4سکور بناکر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ 190رنز کا ہدف نمیبیا کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 144رنزبناسکی،پاکستان کی جانب سے عماد،حسن،حارث اورشاداب خان نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔