اسلام آباد( آئی پی ایس ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام علاقائی سلامتی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے، افغانستان کو فوری طور پر انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو افغانستان کے ساتھ رابطوں میں رہنا چاہئے، مشکل حالات میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہئے، روس کے ساتھ توانائی، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔منگل کو روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں حالیہ پیشرفت، باہمی تعاون اور شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام علاقائی سلامتی اور خوشحالی کیلئے اہمیت رکھتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کو ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد فراہم کی جائے جبکہ معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے بھی مدد کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے رابطے برقرار رکھے۔انہوں نے زور دیا کہ افغان عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے افغانستان کی تبدیل ہوتی ہوئی صورتحال کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور روس کے درمیان قریبی تعلقات اور مشاورت پر زور دیا۔ باہمی تعاون کے تناظر میں وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی طرف سے مجموعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں روس کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔وزیراعظم نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا جبکہ روسی صدر نے وزیراعظم عمران خان کو روس کے دورے کی دعوت کی تجدید کی۔ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر خیالات میں ہم آہنگی، بڑھتے ہوئے اعتماد اور حالیہ اعلی سطح کے رابطوں سے عبارت دوطرفہ تعاون میں اضافہ کی بدولت پاکستان اور روس کے تعلقات فروغ پذیر ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطے رکھنے پر اتفاق کیا۔
Related Articles
نو مئی کے مجرموں کو سزائیں؛ منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے تک سلسلہ ختم نہیں ہوگا، وزیر دفاع
ہفتہ, 21 دسمبر, 2024
مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو سزا ملے گی، 25 مجرمان کو سزائیں سنا دی گئیں: آئی ایس پی آر
ہفتہ, 21 دسمبر, 2024
خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کرم میں تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ
جمعہ, 20 دسمبر, 2024